قدیم عربی ادب سے ماخوذ :
ایک بوڑھا درزی اپنے کام میں مگن تھا کہ اس کا چھوٹا بیٹا دوکان میں داخل ہوا اور کہنے لگا " بابا میں نے اپنے ابتدائی قاعدے اچھی طرح یاد کرکے اپنے استاد کو سنا دیے ہیں تو انہوں نے مجھے اگلی جماعت میں شامل کرلیا ہے" باپ نے بیٹے کو مبارک دی تو بیٹا کہنے لگا " بابا آپ نے وعدہ کیا تھا کہ جب میں یہ قاعدے یاد کرلوں گا تو آپ مجھے زندگی گزارنے کا ایک بہترین گُر سکھائیں گے، تو بابا آج وہ وعدہ پورا کریں نا "
بوڑھے درزی نے کہا" ہاں میرے بیٹے مجھے اچھی طرح یاد ہے میں ذرا کام سے فارغ ہوجاؤں تو پھر بتاتا ہوں" تم ایسا کرو وہ ذرا قینچی پکڑاؤ، بیٹے نے باپ کو قینچی دی تو بوڑھے درزی نے قینچی کے ساتھ ایک بڑے کپڑے کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹنا شروع کر دیا، کاٹنے کے بعد قینچی کو زمین پر رکھے جوتوں میں پھینک دیا، پھر سوئی اٹھائی اس میں دھاگہ ڈالا اور ان ٹکڑوں کو سینے لگا، ٹکڑوں کو ایک دوسرے کے ساتھ سی کر خوبصورت قمیص میں بدلا اور سوئی کو سر پر بندھے عمامے میں لگا دیا، پھر بچ جانے والے دھاگے کو جیب میں ڈال دیا..
درزی کا بیٹا حیرانی سے یہ سب دیکھ رہا تھا، اس سے رہا نہ گیا تو پوچھنے لگا " بابا آج تو آپ نے عجیب کام کیے ہیں جو میں نے پہلے نہیں دیکھے تھے،مہنگی قینچی کو زمین پر جوتوں میں اور سستی سوئی کو سر پر عمامہ میں ایسا کیوں کیا؟
اس کا درزی باپ مسکراتے ہوئے کہنے لگا" بیٹا میرے پاس وہ بڑا کپڑا ایک خاندان کی مانند تھا جس کو قینچی نے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے بنادیا، تو قینچی اس شخص کی مثال ہے جو آپس میں مربوط مضبوط رشتوں میں دراڑیں ڈال کر انہیں الگ کرنے پر مجبور کردیتا ہے، اور سوئی کی مثال اس شخص کی ہے جو ان رشتوں کو دوبارہ ایک دوسرے کے ساتھ جوڑتا ہے، اور دھاگے کی مثال ایک مددگار کی ہے جو اگر سوئی میں نہ ہو تو وہ سی نہیں سکتی، اب میرے بیٹے تم نے زندگی بھر اس نصیحت کو یاد رکھنا ہے کہ بظاہر قیمتی دکھائی دینے والے لوگ جو رشتوں کو فرقہ فرقہ کرنے والے ہیں انکی جگہ قینچی کی طرح جوتیوں میں ہے، اور ہمیشہ جوڑنے والے لوگ جو سوئی کی طرح بظاہر عام سے کیوں نہ دکھائی دیں انہیں ہمیشہ سر پر بٹھا کر رکھنا، آخری بات دھاگہ جیب میں رکھا تھا اس سے مراد کوئی بھی کام کرنے سے پہلے آس پاس اپنے مددگار ضرور رکھنا...
ConversionConversion EmoticonEmoticon